کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ ریان ریکلٹن کی شاندار سینچری، جبکہ ٹیمبا باوما، راسی وین ڈیر ڈوسن اور ایڈن مارکرم کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
جواب میں، افغانستان کی بیٹنگ لائن شدید دباؤ میں نظر آئی اور 16 رنز پر پہلا وکٹ گرنے کے بعد وہ سنبھل نہ سکے۔ 23 اوورز میں ہی 5 کھلاڑی 89 کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اگرچہ رحمت شاہ نے 92 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی، لیکن کوئی اور بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
افغانستان کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 208 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مخالف ٹیم کو کسی بھی موقع پر میچ میں واپسی کا موقع نہ دیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریکلٹن نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ وین ڈیر ڈوسن اور مارکرم کی برق رفتار نصف سنچریوں نے ٹیم کے مجموعے کو مستحکم کیا۔ افغانستان کے لیے محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نور احمد، عظمت اللہ عمرزئی اور فضل الحق فاروقی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔