قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 352 رنز کا مشکل ہدف آسٹریلوی ٹیم نے 48 ویں اوور میں مکمل کر لیا۔
وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس کیرے نے 69، میتھیو شارٹ نے 63، مارنس لبوشین نے 47، جبکہ گلین میکسویل 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ 5 اور ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کے بولرز زیادہ مؤثر ثابت نہ ہوسکے، تاہم عادل رشید، لیام لونگسٹن، مارک ووڈ، جوفرا آرچر اور برائڈن کارس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں، آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔ اوپنر بین ڈکٹ نے 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ جو روٹ نے 68، کپتان جوس بٹلر نے 23 اور جیمی اسمتھ نے 15 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں لیام لونگسٹن 14، فل سالٹ 10، برائڈن کارس 8 اور ہیری بروک صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جوفرا آرچر 21 اور عادل رشید 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارہوس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل نے 1 وکٹ حاصل کی