امریکی فوج نے شمال مغربی شام میں ایک ڈرون حملے میں شدت پسند گروہ حراس الدین کے ایک سینئر رکن وسیم تحسین بیراقدار کو ہلاک کر دیا ہے۔ حراس الدین، القاعدہ کی شامی شاخ تصور کی جاتی ہے اور اس کے حالیہ تحلیل کے اعلان کے بعد یہ امریکا کی جانب سے کیا گیا تازہ ترین حملہ ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ کارروائی جمعے کے روز کی گئی تھی۔ برطانیہ میں قائم شامی مبصر گروپ برائے انسانی حقوق کے مطابق، بیراقدار کو ایک کار پر کیے گئے ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
امریکی اور عرب اتحادیوں کا مؤقف ہے کہ شام کو دہشت گرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اس سے قبل سینٹ کام نے شمال مغربی علاقے میں ایک اور حملے میں حراس الدین کے سینئر مالیاتی اور لاجسٹک عہدیدار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایس آئی ٹی ای انٹیلی جنس گروپ کے مطابق، حراس الدین کا قیام 2018 میں عمل میں آیا تھا، تاہم اس گروپ نے القاعدہ کے ساتھ اپنی وفاداری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا۔ شام کے عبوری صدر احمد الشرع کے حکم پر حراس الدین سمیت دیگر مسلح گروہوں کو تحلیل کر دیا گیا تھا۔