لاہور: معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک، جو گزشتہ برس سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منصورہ نہ آسکے تھے، منگل کی صبح لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد منصورہ گئے، جہاں امیر جماعت اسلامی نے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔
حافظ نعیم الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو جماعت اسلامی کی دینی، تعلیمی، اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت، اخوت، امن، بھائی چارے، اور احترام انسانیت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ جماعت اسلامی کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے منصورہ کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور جماعت اسلامی کی مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ خصوصاً نوجوانوں کو علم، اتحاد، اور اخوت کو ترجیح دینی چاہیے اور قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر ہی درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔