لاہور (اسپورٹس رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان اگلے دو ہفتوں میں متوقع ہے، جب آئی سی سی کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ وفد 10 سے 12 نومبر کے درمیان لاہور کا دورہ کرے گا، جس دوران ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران ممکنہ طور پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور دیگر اہم تفصیلات کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔
وفد کی آمد کے موقع پر ایک تقریب کا بھی اہتمام ہوگا جس میں کرکٹ کے نامور ستارے اور اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول ممبر ممالک کے ساتھ پہلے ہی شیئر کیا جا چکا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری 2025 سے پاکستان میں ہوگا، جبکہ اختتام 9 مارچ کو لاہور میں فائنل کے ساتھ ہوگا۔ لاہور، کراچی اور راولپنڈی میچز کی میزبانی کریں گے۔ لاہور فائنل سمیت 7 میچوں کی میزبانی کرے گا، جبکہ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل، اور راولپنڈی دوسرا سیمی فائنل سمیت پانچ میچوں کی میزبانی کرے گا۔