گوگل میپس نے اپنے صارفین کے لیے ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جو خاص طور پر گاڑیوں کے مالکان کو پسند آئے گا۔ چار سال قبل، گوگل میپس نے صارفین کو اپنی نیویگیشن اسکرین میں گاڑیوں کے آئیکونز کو تبدیل کرنے کا آپشن دیا تھا، اور اب ان کسٹمائزیشن آپشنز میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق، اب گوگل میپس میں گاڑیوں کے 5 نئے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں جیپ اور ہیچ بیک سمیت دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، صارفین کو 8 مختلف رنگوں میں گاڑی کے آئیکون کا انتخاب کرنے کا موقع بھی دیا گیا ہے۔ پہلے صارفین کے پاس صرف چار آئیکونز دستیاب تھے، جن میں ایک عام ایرو، زرد ایس یو وی، سرخ گاڑی اور سبز پک اپ ٹرک شامل تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر فی الحال محدود پیمانے پر آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین کو بھی اس سے استفادہ کا موقع ملے گا۔