پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مجرمان کو فوجی عدالتوں سے سزا سنانا انصاف کے سفر میں ایک اہم قدم ہے، لیکن مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب ان واقعات کے ماسٹر مائنڈز اور منصوبہ سازوں کو بھی آئین اور قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر نے 9 مئی 2023 کے واقعات کو پاکستان کی تاریخ کا ایک تاریک باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان افسوسناک دنوں میں مسلح افواج کی تنصیبات پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے گئے، جنہوں نے پوری قوم کو صدمے سے دوچار کیا۔ یہ سیاسی طور پر بھڑکائے گئے جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں کا نتیجہ تھے۔
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ان واقعات کے بعد تمام شواہد کو باریک بینی سے جمع کیا گیا، جن کی بنیاد پر مقدمات فوجی عدالتوں اور انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں بھجوائے گئے۔ ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر کئی مجرمان کو سزا دی گئی، جبکہ دیگر کے مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات میں انصاف فراہم کرنا ریاست کی عملداری کو یقینی بنانے اور سیاسی دہشتگردی کے خاتمے کا آغاز ہے۔ تمام سزا یافتہ مجرمان کو قانونی چارہ جوئی اور اپیل کا حق حاصل ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈز کو سزا دینا آئندہ کے لیے ایک اہم پیغام ہوگا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس یومِ سیاہ کے بعد نفرت اور جھوٹ پر مبنی سیاست کو دفن کرکے ریاست پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔