پاکستان نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جب کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش نے بھی اپنے میچز جیت کر مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔
لاہور کے غنی انسٹیٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال کی ٹیم نے پاکستان کو 101 رنز کا ہدف دیا، جسے پاکستانی اوپنرز نے صرف 6.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔
اوپنر نعمت اللہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جبکہ ان کے ساتھی محمد صفدر نے 14 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے، جس میں بھرت تھاپا نے 46 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ہارون خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 5 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمت اللہ کو ان کی شاندار بیٹنگ کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسری جانب، باغ جناح گراؤنڈ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 53 رنز سے ہرا دیا۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم جواب میں 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 164 رنز ہی بنا سکی۔
ادھر، بنگلہ دیش نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز میں 149 رنز کا مجموعہ بنایا، جو بنگلہ دیش نے 12 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
لاہور میں ایونٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ 28 نومبر کو آرام کا دن ہوگا، جبکہ ایونٹ کے اگلے مرحلے کا آغاز 29 نومبر سے ملتان میں ہوگا۔