ماہرین نے ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ سبزیوں پر مبنی خوراک دل کی بیماریوں، خاص طور پر ہارٹ اٹیک کے خطرات کو تقریباً ایک چوتھائی تک کم کر سکتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ افراد جن کی خوراک میں نباتاتی پروٹینز، جیسے خشک میوہ جات، دالیں، اور پھلیاں شامل ہوں، ان میں دل کی شریانوں کی بیماری (سی ایچ ڈی) کا امکان نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔
سی ایچ ڈی ایک ایسی حالت ہے جس میں چربی اور دیگر مادے شریانوں میں جمع ہو کر خون کی روانی کو متاثر کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر موت کی ایک بڑی وجہ سمجھی جاتی ہے۔
امریکی ماہرین نے 30 سالہ تحقیق کے دوران دو لاکھ افراد کے کھانے پینے کی عادات کا تجزیہ کیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ سبزیوں میں موجود فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس شریانوں میں چکنائی کے جمع ہونے کو روکتے ہیں، جو دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
تحقیق کے مطابق، سرخ اور پروسیسڈ گوشت کے استعمال سے گریز کرنے اور سبزیوں پر مبنی خوراک کو اپنانے سے دل کی بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے نیوٹریشن اور ایپیڈیمولوجی کے ماہر، پروفیسر فرینک ہو کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اپنی خوراک میں گوشت کی جگہ زیادہ سے زیادہ نباتاتی پروٹینز شامل کرنی چاہئیں، تاکہ دل کی صحت بہتر بنائی جا سکے۔