مشہور اداکار، میزبان، اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے دو اہم ایوارڈز سے نوازا گیا، جو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے یہ خوشخبری شیئر کی اور اپنی کامیابی کو پورے پاکستان کی فنکار برادری کے لیے قابل فخر لمحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈز اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی مواد عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے اپنی مضبوط کہانیوں اور ثقافتی تنوع کے باعث دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔ ان کے حالیہ ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسے یوٹیوب پر 1.6 ارب مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جو پاکستانی مواد کی مقبولیت کی دلیل ہے۔
View this post on Instagram
A post shared by Fahad Mustafa (@mustafafahad26)
">
ایوارڈز تقریب، جس کی میزبانی ملٹی کلچرل یوکے نامی تنظیم نے کی، میں کئی پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ تقریب میں فہد مصطفیٰ کو "ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ” اور "گلوبل کلچرل یونٹی” ایوارڈز سے نوازا گیا۔
سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کی ایوارڈز وصول کرتے ہوئے تصاویر نے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع کر دیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 7 نومبر کو معروف اداکارہ ماہرہ خان کو بھی برطانوی پارلیمنٹ نے ان کی شاندار خدمات پر ’ایوارڈ آف ریکگنیشن‘ سے نوازا تھا، جو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہے