پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے مقابلے میں اس بار اسکواڈ میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان، نعمان علی، سلمان علی آغا، کامران غلام اور خرم شہزاد اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ہوم کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے آف اسپنر ساجد خان اور مسٹری اسپنر ابرار احمد کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ اوپنرز امام الحق اور محمد ہریرہ بھی اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ صائم ایوب کی انجری اور عبداللہ شفیق کی خراب کارکردگی کے باعث اوپنرز کی یہ واپسی ممکن ہوئی ہے۔
فاسٹ باؤلرز محمد عباس، میر حمزہ، اور نسیم شاہ کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محمد علی اور کاشف علی کو شامل کیا گیا ہے، جن میں کاشف علی پہلی بار قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔
نوجوان وکٹ کیپر حسیب اللہ کی انجری کے باعث ان کی غیر موجودگی میں روہیل نذیر کو ٹیم میں بطور وکٹ کیپر شامل کیا گیا ہے۔
یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 17 سے 21 جنوری جبکہ دوسرا میچ 25 سے 29 جنوری تک ہوگا۔
اسکواڈ:
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، امام الحق، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان، نعمان علی، روہیل نذیر، ساجد خان، سلمان علی آغا۔