لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔ 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی بلے باز ہدف کے تعاقب میں جدوجہد کرتے نظر آئے، فخر زمان 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر بیٹرز کارکردگی نہ دکھا سکے۔ کپتان بابر اعظم 10، محمد رضوان 3 اور خوشدل شاہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا نے 40 جبکہ طیب طاہر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے، گلین فلپس نے 72 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی، ڈیرل مچل 81 اور کین ولیمسن 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، تاہم 52 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری جب بابر اعظم 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کامران غلام 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 3 رنز بنا کر میدان سے واپس چلے گئے۔ فخر زمان نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی مگر ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ تھا، اور یوں قومی ٹیم 252 رنز تک محدود رہی۔
میچ کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف پیر کی انجری کے باعث میدان سے باہر چلے گئے، جس کے بعد وہ بقیہ اوورز نہیں کر سکے۔