لاہور : بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان میں کھیلنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وفاقی حکومت سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ حکومت نے پی سی بی کو ہدایت دی ہے کہ بھارت کے انکار کی صورت میں کسی اور ملک کی ٹیم کو مدعو کرنے پر غور کیا جائے۔
وفاقی حکومت نے پی سی بی کو پالیسی گائیڈ لائنز فراہم کی ہیں اور اس بات پر زور دیا ہے کہ آئی سی سی سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے انکار کی وجوہات پوچھی جائیں۔ ذرائع کے مطابق، پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر بھارت کے فیصلے پر اعتراض اٹھائے گا۔
حکومتی ذرائع نے واضح کیا کہ پاک-بھارت میچز پاکستان کی شرکت کے بغیر ممکن نہیں اور منافع صرف بھارت کی موجودگی سے نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کے کردار سے بھی آتا ہے۔
پی سی بی کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجتا تو مستقبل میں قومی ٹیم بھی کسی آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایونٹ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی سی بی کو سری لنکا یا ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی میں مدعو کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ بھارت کے انکار کی صورت میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو مل سکے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان میں کھیلنے سے انکار کا باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا تھا۔