پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ شدید بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ یوں، تین میچز کی سیریز جنوبی افریقہ نے 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
جوہانسبرگ میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ٹاس تک ممکن نہ ہوسکا۔ اس سے قبل، پاکستان نے پہلے دو میچز میں شکست کھائی تھی، جس کی بدولت پروٹیز نے سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی تھی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، عثمان خان کی جگہ سلمان علی آغا کو شامل کیا گیا تھا۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔ سائم ایوب نے شاندار 98 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم اور عرفان خان نے بالترتیب 31 اور 30 رنز کا حصہ ڈالا۔
میزبان ٹیم نے ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ ریزا ہینڈرکس کی شاندار سنچری اس فتح میں اہم رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران 3 ٹی 20، 3 ون ڈے، اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ تیسرا ٹی 20 میچ 14 دسمبر کو شیڈول تھا، جبکہ پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں ہوگا۔ ٹیسٹ میچز 26 دسمبر اور 3 جنوری کو بالترتیب سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں کھیلے جائیں گے۔