پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آخری مقابلہ اتوار کے روز جوہانسبرگ کے وینڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں میدان میں دو دلکش اور یادگار واقعات نے شائقین کے دل جیت لیے۔
میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 36 رنز سے شکست دی۔ یہ میچ جنوبی افریقا کے سالانہ پنک ڈے کے طور پر منایا گیا، جہاں ٹیم گلابی کٹ پہن کر چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی دیتی ہے۔ تاہم، یہ دن نہ صرف کرکٹ بلکہ خوشیوں اور محبت کا جشن بھی بن گیا۔
اسٹیڈیم میں ایک خاتون نے میچ کے دوران بچے کو جنم دیا، اور اس خوشخبری کا اعلان اسکور بورڈ پر کیا گیا۔ اسکور بورڈ پر لکھا گیا: "مسٹر اور مسز رابینگ کو صحت مند بچے کی پیدائش پر مبارک ہو”۔
دوسری جانب، اسٹیڈیم میں موجود ایک جوڑے نے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے شادی کی پیشکش کی، جو لڑکی نے فوراً قبول کرلی۔ ان دونوں لمحات کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جہاں دنیا بھر کے صارفین نے جوڑے اور نوزائیدہ بچے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔